بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمر شریف کی میت کراچی پہنچ گئی،نماز جناز ہ آج3بجے ادا کی جائیگی

لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت ترکی سے کراچی پہنچادی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ترک ائیر لائن کی پرواز TK-708نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے ٹیک آف کیا جو صبح 5 بجکر 33 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پہنچی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی میت کے ہمراہ کراچی پہنچی ہیں۔

کراچی پہنچنے کے بعد عمر شریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے ان کے بیٹوں کے حوالے کردی گئی جس کےبعد میت کو کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔

عمر شریف کی میت لے جانے والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جب کہ میت کی سرد خانے روانگی کے دوران قافلے میں عزیز و اقارب، مداحوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہےکہ عمر شریف کی نمازجنازہ سہ پہر تین بجے عمر شریف پارک میں ادا کی جائےگی اور ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائےگی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل عمر شریف کی میت جرمنی کے شہر نیورمبرگ سے پہلے میونخ منتقل ہوئی جسے ترک ائیر کی پرواز TK-1634 کے ذریعے استنبول پہنچایا گیا تھا۔

کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت کو اعزاز کے ساتھ پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ عمر شریف کی نماز جنازہ عمر شریف پارک کلفٹن بلاک ٹو میں سہہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی جس کے بعد کامیڈی کنگ کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے متصل قبرستان میں سپرخاک کیا جائے گا۔

مزید پڑھیے  کراچی حیدر آباد بلدیاتی انتخابات، جی ایچ کیو کا فوج تعیناتی سے انکار
Back to top button