بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

قومی ہیروز طلحہ طالب اور شہروز کاشف لٹ گئے

کے ٹو سر کرنے والے شہروز کاشف اور اولپمکس ویٹ لفٹر طلحہ طالب کو وفاقی وزیر کا جعلی پی اے بن کر ایک شخص نے لاکھوں روپے لوٹ لیے۔

ایف آئی اے میں طحہ طالب کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت میں انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ ایک شخص نے وفاقی وزیر غلام سرور کا پی اے بن کر قومی ہیرو کو گاڑی دینے کی پیش کش کی اور قومی ہیروز کو ٹیکس اور گاڑی رجسٹرڈ کروانے کی مد میں لاکھوں روپے فوری موبائل اکاؤنٹ میں جمع کروانے کا کہا۔

اس سلسلے میں بتایا گیا کہ قومی ہیروز نے وفاقی وزیر غلام سرور کا نام سن کر لاکھوں روپے اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیے۔

درخواست میں کہا گیا کہ فراڈ کرنے والا شخص وفاقی وزیر غلام سرور اور کبھی پی اے کا نام استعمال کرتا رہا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘فون کال پر کہا گیا کہ آپ ہمیں 3 لاکھ پچیس ہزار ٹرانسفر کریں اور کل ڈرائی پورٹ سے گاڑی موصول کرلیں’۔

طلحہ طالب کے والد محمد اسلام نے کہا کہ ہمیں ایک شخص نے گرانڈے گاڑی تحفے میں دینے کا کہا اور پہلے سوا تین لاکھ اور پھر 35ہزار روپے منتقل کرنے کا کہا گیا جو ہم نے شہزاد عزیز ملک نامی شخص کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سے کہا گیا کہ آپ سمبڑیال پورٹ پہنچ جائیں لیکن ہم نے ان کے نمبر پر دوبارہ رابطہ کیا تو وہ نمبر بند تھا جس پر ہم نے وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل پر درخواست جمع کرادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان سب کالوں کی ریکارڈنگ اور بینک رسیدیں موجود ہیں اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب شہروز کاشف کے والد محمد کاشف نے کہا کہ آج صبح فون کال آئی جس میں وفاقی وزیر بن کر گاڑی دینے کا دعویٰ کیا گیا اور ہمیں 2 لاکھ 85 ہزار روپے جمع کروانے کو کہا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ہم نے 2 لاکھ 85 ہزار ان کے اکاؤنٹ میں جمع کروایا ہے’۔

Back to top button