فاسٹ بائولر محمد عباس کی کائونٹی کرکٹ میں شاندار ہیٹ ٹرک
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کاؤنٹی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
کاؤنٹی چیمپیئن میں کھیلے جا رہے میچ میں محمد عباس کی ٹیم ہیمپشائر نے مڈل سیکس کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
ساؤتھ ہیمپٹن میں ہیمپشائر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ای این ہولینڈ، سیم نارتھ ایسٹ اور کائل ایبٹ کی نصف سنچریوں کی بدولت 319 رنز بنائے، مڈل سیکس کے اسٹیون فن نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں مڈل سیکس کی پہلی اننگز میں محمد عباس ان پر قہر بن کو ٹوٹے پڑے اور بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
فاسٹ باؤلر نے اپنے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں اور پھر اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر وکٹ لے کر ہیٹ کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
کھانے کے وقفے سے قبل دوسرے اینڈ سے باؤلر دیکھتے رہی رہ گئے اور عباس وقفہ ہونے تک تمام وکٹیں لے اڑے اور تب تک مڈل سیکس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہیٹ ٹرک کے بعد مزید تین وکٹیں حاصل کی جس کی وجہ سے مڈل سیکس کی ٹیم 31 رنز پر 6 وکٹیں گنوا بیٹھی اور یہ تمام وکٹیں عباس نے حاصل کیں۔
ان کی اس بہترین باؤلنگ کے سبب مڈل سیکس کی ٹیم پہلی اننگز میں 79 رنز ہر ڈھیر ہو گئی۔
عباس کے تباہ کن اسپیل کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے پہلی پانچ وکٹیں صرف 13 گیندوں پر حاصل کیں۔
محمد عباس نے 11 اوورز میں 11 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کر کے کاؤنٹی کرکٹ کی تاریخ کا تباہ کن اسپیل کیا، بریڈ وہیل نے تین وکٹیں لے کر ان کا ساتھ دیا۔