
قومی
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا آئرلینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آئرلینڈ کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ہے۔
آئرلینڈ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر آفاق احمد نے آج اسلام آباد میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم نے وزارت خارجہ میں آفاق احمد کی خدمات کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا تجربہ پاکستان اور آئرلینڈ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔















