
صدر اور وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں ملک میں امن و استحکام کے لیے ان کے عزم اور قربانیوں کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر حصے سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں باعث فخر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن اور ترقی کے دشمنوں کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔















