
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے مختلف اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا سلسلہ 20 نومبر سے جاری ہے۔
20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
21 نومبر کو ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائی کی گئی، جس کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
اسی طرح 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں ہونے والی دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا اور مزید 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
بیان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔















