بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی کے درمیان آئینی توازن برقرار رکھنا ضروری ہے، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی کے حق کے درمیان آئینی توازن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں پائیدار ترقیاتی پالیسی ادارے (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ’’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور پوسٹ ٹروتھ دور‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

اعظم نذیر تارڑ نے شہریوں کی نجی زندگی، عزت، شہرت اور وقار کے تحفظ کو بھی ڈیجیٹل دور کی ایک ناگزیر ضرورت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں تیز رفتار تبدیلی کے باعث جھوٹی اور جعلی خبریں چند سیکنڈز میں پھیل جاتی ہیں اور ایک مرتبہ ایسی معلومات نشر ہونے کے بعد ان کے نتائج کا ازالہ ممکن نہیں رہتا۔

آئین پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکلز 4، 9 اور 14 پاکستان کی سرزمین پر موجود ہر فرد کی زندگی، آزادی، عزت، شہرت اور وقار کے ناقابل تنسیخ تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں، جبکہ آرٹیکلز 19 اور 19-A کے تحت آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی کے حقوق ذاتی رازداری، قومی سلامتی اور ادارہ جاتی سالمیت کے تحفظ کے لیے معقول قانونی پابندیوں سے مشروط ہیں۔

انہوں نے شرکا کو بتایا کہ پاکستان نے صحافیوں، ماہرین اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں، بشمول میٹا اور ایشیا انٹرنیٹ کولیشن، کے ساتھ 18 ماہ کے تفصیلی غور و خوض اور مشاورت کے بعد اپنے ریگولیٹری نظام میں اصلاحات کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی ہے اور پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) میں بھی اصلاحات کی ہیں تاکہ بین الاقوامی معیارات کو پاکستان کے مخصوص سکیورٹی اور سماجی چیلنجز سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ بین الاقوامی قانون ملکی قانون سازی کی بالادستی کو تسلیم کرتا ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر زور دیا کہ وہ ایسے مواد کو فوری طور پر ہٹانے کو یقینی بنائیں جو بظاہر جھوٹا، توہین آمیز یا کسی فرد کی ساکھ اور نجی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو۔

اعظم نذیر تارڑ نے اس چیلنج کو بھی تسلیم کیا کہ تیزی سے تبدیل ہوتے ڈیجیٹل رجحانات کے ساتھ پارلیمانی قانون سازی کے سوچے سمجھے عمل میں ہم آہنگی برقرار رکھنا آسان نہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے، جہاں ہر بچہ، خاتون اور شہری خود کو قانون کے تحت محفوظ محسوس کرے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button