
اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبہ 60 روز میں مکمل ہوگا، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران درختوں کی تعداد اور سبز رقبے میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبہ 60 روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔
اسلام آباد میں ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ شہر کے جن علاقوں میں درختوں کی تعداد کم ہے وہاں مزید شجرکاری کی جا رہی ہے تاکہ اسلام آباد کے گرین کور میں اضافہ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سروس روڈ منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ گیس پائپ لائن کی وجہ سے منصوبے پر کام میں تاخیر ہوئی، تاہم اب تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے کے طرز پر تعمیر و ترقی دی جا رہی ہے، جس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے سے بڑی آبادی کو سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ کورنگ سے آگے بھی سروس روڈ کی توسیع زیر غور ہے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کا 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے مقررہ مدت کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔















