بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی حل اپنانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں صحت کی سہولیات کو نمایاں طور پر بہتر بنانے کے لیے تحقیق پر مبنی اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والے حل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ  برلن میں سیمنز کے ایگزیکٹو نائب صدر ڈینیئل فرِش اور سیمنز کے شعبہ حکومتی امور کی سربراہ ویرونیکا فِسٹر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سیمنز جیسے اداروں کی جانب سے جرمنی کے صنعتی، تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمنز کا ہیلتھ ڈویژن کئی دہائیوں سے پاکستان میں کام کر رہا ہے اور کراچی سمیت ملک کے تین بڑے شہروں میں اس کے 100 سے زائد ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے سیمنز کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مہارت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے دیگر سماجی اور صنعتی شعبوں میں بھی کمپنی کی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی تجویز دی۔

انہوں نے اس سلسلے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

سیمنز کے وفد نے صدر مملکت کو بتایا کہ کمپنی کے نمائندے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں صحت کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق شعبوں میں پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button