
کراچی: 7 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اور ممنوعہ اشیا تلف
کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے کلکٹریٹ آف کسٹمز ایئرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے اشتراک سے گڈاپ ٹاؤن کراچی میں ضبط شدہ اور قبضے میں لی گئی اسمگل شدہ و ممنوعہ اشیا تلف کرنے کی مشترکہ تقریب منعقد کی۔
تقریب کے دوران مجموعی طور پر 7 ارب 71 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ممنوعہ اشیا تلف کی گئیں۔ تلف کی جانے والی اشیا میں منشیات بھی شامل تھیں، جن کی مالیت 7 ارب 12 کروڑ 40 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بڑی مقدار میں شراب، زائدالمیعاد مصنوعات، جعلی اشیا اور دیگر ممنوعہ سامان بھی تلف کیا گیا، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 58 کروڑ 65 لاکھ 80 ہزار روپے تھی۔کسٹمز حکام کے مطابق تلف کی جانے والی تمام اشیا کی مجموعی مالیت 7 ارب 71 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ یہ کارروائی کسٹمز انفورسمنٹ کراچی اور کسٹمز ایئرپورٹ کے مشترکہ تعاون سے عمل میں لائی گئی۔












