بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمان کی علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف

عمانی وزیر خارجہ کا پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور

عمان نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

عمانی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور عمان نے اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اعلیٰ سطح پر مسلسل رابطے برقرار رکھنا ضروری ہے۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے عمان کے تعمیری کردار اور مشترکہ کوششوں کو بھی سراہا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button