
منصوبہ بندی کے وزیر کا پاکستان کی برآمدات بڑھانے پر زور
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کے معاشی استحکام، خود انحصاری اور پائیدار ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر قرار دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں پلاننگ کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں پاکستان کی آٹو موٹیو برآمدات بڑھانے اور اڑان پاکستان کے تحت 63 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
احسن اقبال نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے برآمدی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں قائدانہ کردار ادا کرے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو وسعت دینے کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرے۔
وفاقی وزیر نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کو مل کر برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے، رکاوٹیں دور کرنے اور برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے واضح ترجیحات طے کرنے کی ضرورت ہے۔















