بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان اور بیلاروس کا صنعتی تعاون فروغ دینے پر اتفاق

پاکستان اور بیلاروس نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

یہ اتفاق اسلام آباد میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون سے متعلق مشترکہ وزارتی کمیشن کے دو روزہ نویں اجلاس کے دوران ہوا۔

دونوں ممالک نے خدمات کے شعبے میں دوطرفہ تجارتی معاہدے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

پاکستانی فریق نے باقاعدہ اور باہمی طور پر طے شدہ طریقہ کار کے تحت پاکستانی افرادی قوت کی تعیناتی میں سہولت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس اقدام سے بیلاروس کی معیشت کو فائدہ پہنچنے کے ساتھ پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

پاکستان اور بیلاروس نے سمندری خوراک، پھلوں، سبزیوں، بیجوں اور ڈیری مصنوعات کے شعبوں میں آن لائن کاروباری روابط (B2B) سیشنز کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے زرعی نمائشوں، فوڈ میلوں اور باہمی کاروباری وفود میں شرکت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تاکہ شراکت داری، سرمایہ کاری اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔

سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان نے بیلاروس کی اسٹیٹ کمیٹی فار اسٹینڈرڈائزیشن اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے درمیان موجود مفاہمتی یادداشت کے تحت باہمی تسلیم کے معاہدے پر کام شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔

اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان نے بیلاروس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

بیلاروس کے وزیر توانائی ڈزینس ماروز نے بھی مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے بیلاروس کی آمادگی کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے نئی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button