
قومی
صدر مملکت اور وزیراعظم کی شمالی وزیرستان میں پانچ دہشت گردوں کے خاتمے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حافظ احسان الٰہی شہید کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، جبکہ وطن کے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔















