
قومی
ہنگو میں دہشت گرد حملہ، ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید
ہنگو کے علاقے حزینہ بانڈہ میں گزشتہ رات دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 33 دیگر زخمی ہو گئے۔
ہنگو پولیس کنٹرول کے مطابق حملے کے دوران متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں صدر اور وزیراعظم نے ڈی ایس پی سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملک سے دہشت گردی کی ہر قسم کے خاتمے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔















