
پاکستان اور کویت کا ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق
پاکستان اور کویت نے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے اور اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کے ذریعے دوطرفہ تعاون مزید مؤثر اور منظم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، محنت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، کان کنی و معدنیات، دفاع اور مجموعی اقتصادی شراکت داری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر کثیر الجہتی فورمز پر قریبی روابط اور تعاون رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
کویت کے وزیر خارجہ نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔















