
وزیراعظم آفس سسٹم حکومتی امور میں انقلابی تبدیلی کا پلیٹ فارم ہے، احد چیمہ
حکومت نے سرکاری امور کی انجام دہی اور نگرانی کو جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم آفس سسٹم (PMOS) کے ذریعے حقیقی وقت میں نگرانی، بین الوزارتی رابطوں میں بہتری اور وزیراعظم کی ترجیحات پر تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
یہ عزم اسلام آباد میں سیکرٹریز کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس کی مشترکہ صدارت وزیرِ اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احد چیمہ نے کہا کہ PMOS حکومتی نظام میں انقلابی تبدیلی لانے والا پلیٹ فارم ہے، جو روایتی دستی نگرانی کے نظام کی جگہ ایک مربوط ڈیجیٹل نظام فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ نظام براہِ راست نگرانی، فوری فیڈ بیک، اعداد و شمار پر مبنی فیصلوں اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو ممکن بنائے گا۔
انہوں نے تمام وفاقی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہفتے تک اپنی متعلقہ وزارتوں کا زیادہ تر ڈیٹا PMOS پر اپ لوڈ کریں۔ مزید برآں، ہر وفاقی سیکرٹری روزانہ کم از کم دو مرتبہ اس پلیٹ فارم پر اپنے سپرد کردہ امور کا جائزہ لے تاکہ وزیراعظم آفس کی ہدایات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
احد چیمہ نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم آفس، وزارتوں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کو خصوصی جائزہ اجلاسوں کے ذریعے دور کرے گا۔
اجلاس میں شریک وفاقی سیکرٹریز نے وزیراعظم آفس اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی جانب سے تیار کردہ اس جدید ڈیجیٹل گورننس پلیٹ فارم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے وفاقی حکومت میں ادارہ جاتی کارکردگی، شفافیت، رابطہ کاری اور نگرانی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔















