
وزیراعظم شہباز شریف کا چینی کمپنی کے جدید اناج ذخیرہ منصوبے کا خیرمقدم
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کمپنی فامسن (FAMSUN) کی جانب سے پاکستان میں اناج ذخیرہ کرنے کی سہولیات کو جدید اور عالمی معیار کے مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اسلام آباد میں چینی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک چن کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین مثالی دوست ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری اور دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کے درمیان تعاون دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے منصوبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی مہارت بڑھانے کے لیے تربیتی پروگراموں کو لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ مقامی افراد جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
اس موقع پر فامسن کے سی ای او جیک چن نے وزیراعظم اور حکومت پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورۂ چین کے دوران ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں کمپنی نے پاکستان میں غذائی تحفظ کو بہتر بنانے کے عملی منصوبے پر کام شروع کیا ہے۔
جیک چن نے بتایا کہ فامسن پاکستان میں جدید اناج ذخیرہ گاہوں کی تعمیر، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی افراد کی تربیت کے ذریعے غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ فامسن چین کی معروف کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، جو زراعت، جانوروں کی خوراک اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی اور خدمات فراہم کرتی ہے۔















