
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا چین کا دو روزہ دورہ مکمل
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے چین کے شہر شنگھائی کا اپنا دو روزہ دورہ مکمل کر لیا۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس معاہدے پر مجموعی طور پر 29 ممالک نے دستخط کیے، جبکہ پاکستان اس تنظیم کے بانی اراکین میں شامل ہے۔ یہ ادارہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون، استعداد کار بڑھانے اور ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے کے لیے ایک اہم عالمی پلیٹ فارم تصور کیا جاتا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے شریک وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
نائب وزیراعظم نے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی، جس کا افتتاح صدر شی جن پنگ نے کیا۔
دورے کے موقع پر اسحاق ڈار نے کانفرنس کے موقع پر مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، کثیرالجہتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔















