
حکومتی اصلاحات کا مقصد خود کفیل اور مضبوط معیشت کی بنیاد رکھنا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرونِ ملک اعلیٰ جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تعلیم، تحقیق اور بین الاقوامی تجربے کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔
وہ آج اسلام آباد میں "اُڑان اوورسیز پاکستان سمر اسکالرز پروگرام” میں شریک اسکالرز سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی کے تحت اسکالرز پاکستان کو درپیش اہم چیلنجز پر تحقیق کے لیے چھ ہفتوں کی انٹرن شپ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے دنیا کی ممتاز جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کی جانب سے پاکستان میں انٹرن شپ کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ پاکستانی طلبہ اپنی علمی کامیابیوں سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور طلبہ کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ماضی میں معاشی بحران کے باعث ڈیفالٹ کے دہانے تک پہنچ گیا تھا، تاہم ہنگامی اصلاحات کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے جامع اصلاحاتی پروگرام میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹلائزیشن، ٹیکس آمدن میں اضافہ، کاروبار میں آسانیاں، پیداواری صلاحیت میں بہتری، زرعی شعبے کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا، قابلِ تجدید توانائی کا فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی شامل ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مؤثر نفاذی اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے 800 ارب روپے سے زائد اضافی محصولات جمع کیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقتصادی اصلاحات کا بنیادی مقصد ایک مضبوط، خود کفیل اور برآمدات پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنا ہے۔
قومی سلامتی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور پوری قوم کی حمایت سے پاکستان نے مئی 2025 میں بھارت کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی ثالثی ملکی سفارتی تاریخ کا ایک اہم باب بن چکی ہے، جبکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) عالمی امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اجلاس کے دوران طلبہ نے بھی ملک کے مختلف شعبوں کی بہتری کے حوالے سے اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔















