
حکومت چینی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت چینی کی بلا تعطل فراہمی اور عوام کو مناسب قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قیمتوں میں اضافے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد میں چینی کی ملک بھر میں دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مناسب نرخوں پر چینی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے صوبائی محکمہ خوراک کے اشتراک سے ملک میں چینی کے موجودہ ذخائر، متوقع پیداوار اور مارکیٹ میں قیمتوں کے رجحانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اجلاس نے ملک میں چینی کی دستیابی اور رسد کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ چینی کی مسلسل فراہمی، قیمتوں میں استحکام اور مارکیٹ کی مؤثر نگرانی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اقدامات جاری رکھیں گے۔















