
پاکستان اور کروشیا کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور کروشیا نے سیاسی، اقتصادی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو نئی رفتار دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آج اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلچ ریڈمین کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت کی نقل و حرکت، ویزا سہولت، تعلیم، دفاع، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بندرگاہوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو مؤثر انداز میں فعال بنانے اور باقاعدگی سے مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری اداروں کے درمیان روابط (B2B) کو فروغ دے کر تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کروشیا کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کراچی بندرگاہ کی استعداد، صلاحیت اور علاقائی رابطہ کاری میں اس کے اہم کردار سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کی بندرگاہوں کے درمیان ممکنہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ اسلام آباد میں کروشین ویزا پروسیسنگ سہولت کے قیام کو جلد از جلد ممکن بنانے کے لیے کام جاری ہے، جس سے پاکستانی شہریوں کو ویزا کے حصول کے لیے کسی تیسرے ملک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے پاکستان کے ہنر مند افرادی قوت کے لیے کروشیا میں قانونی روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلچ ریڈمین نے کہا کہ ان کا ملک عوامی روابط کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی شہری کروشین ویزا کی درخواستیں پاکستان ہی میں جمع کرا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے تعلقات دوستی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
کروشین وزیر خارجہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی صورت میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کروشیا اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خواتین کی شرکت کا بھرپور حامی ہے اور وہ اقوام متحدہ سے تصدیق شدہ پری ڈپلائمنٹ ٹریننگ پروگرامز میں پاکستان کی خواتین پولیس افسران کا خیرمقدم کرے گا۔















