
پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور توانائی کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں، اویس لغاری
وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، توانائی، تعلیم اور علاقائی رابطہ کاری کے شعبوں میں بے پناہ اور غیر استعمال شدہ امکانات موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک مشترکہ طور پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
وہ "پاکستان-روس: تجارت، تعلیم اور توانائی کے تعاون کا فروغ” کے عنوان سے منعقدہ ویبینار سے خطاب کر رہے تھے، جس کا مشترکہ اہتمام یونیورسٹی آف ورلڈ سیولائزیشنز ماسکو اور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز نے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مضبوط اقتصادی تعاون اور بہتر ٹرانسپورٹ روابط کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو آئندہ برسوں میں ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرایا جا سکتا ہے۔
سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے تعلقات میں باہمی اعتماد، احترام اور خطے کے استحکام کے مشترکہ عزم کی بدولت مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا کے ذریعے تاریخی زمینی تجارتی راستوں کی بحالی اور انٹرنیشنل نارتھ-ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) سے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور علاقائی رابطہ کاری کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔















