
صدر آصف زرداری کی کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر سے اہم ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے سرکاری دورۂ کرغز جمہوریہ کے دوران ملک کے تاریخی ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر سے اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور اقتصادی روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے چونگ تاش میں واقع آتا بیت میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا، جو کرغزستان کی ممتاز قومی شخصیات کی آخری آرام گاہ اور ایک اہم تاریخی یادگار ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مختلف ادوار میں آزادی کی جدوجہد کرنے والے کرغز قومی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں صدر مملکت نے آتا بیت میموریل میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کرغزستان کی آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد سے متعلق تاریخی نوادرات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے معروف کرغز ادیب چنگیز آئتماتوف کی یادگار پر بھی حاضری دی، جو اسی مقام پر آسودۂ خاک ہیں۔
اس سے قبل صدر آصف علی زرداری کو اسیک کول ایئرپورٹ، تامچی پر کرغزستان کے صدر صدر جپاروف نے الوداع کیا۔ بعد ازاں بشکیک کے ماناس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کا استقبال کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر ماماتالییف مارلین عبدالرحمٰنووچ اور کرغزستان میں پاکستان کے سفیر التمش وزیر خان نے کیا۔
بعد ازاں کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر نے پارلیمنٹ کے ممتاز اراکین کے ہمراہ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، تجارتی تعلقات کے فروغ اور عوامی روابط کو وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تسلسل اور استحکام کے لیے پارلیمانی روابط کا مضبوط ہونا انتہائی اہم ہے۔
کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر نے صدر آصف علی زرداری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کرغز جمہوریہ کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ دوستی کو سراہا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔















