بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف کی ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی دعوت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنیات، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور مصنوعی ذہانت (AI) سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبے شروع کرنے کی دعوت دی ہے۔

استنبول میں پاکستان-ترکیہ بزنس ٹو بزنس (B2B) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاشی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان نے کراچی میں قائم خصوصی اقتصادی زون (SEZ) میں ترک سرمایہ کاروں کے لیے ایک ہزار ایکڑ اراضی مختص کی ہے، جسے "رجب طیب اردوان اسپیشل اکنامک زون” کا نام دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر پاکستان تیز رفتار معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی حاصل کر سکتا ہے۔

شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ترکیہ نے صنعتی میدان میں غیرمعمولی ترقی کی ہے، جبکہ آٹوموبائل صنعت نے بھی یورپی معیار کا مقام حاصل کر لیا ہے۔

کانفرنس سے قبل وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے نجکاری محمد علی نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ توانائی کی تقسیم کار کمپنیوں، ہوائی اڈوں، موٹرویز، صحت اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

کانفرنس کے دوران ترک سرمایہ کاروں کو ایک خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع اور معاشی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button