بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لیبیا کے نائب کمانڈر انچیف کے درمیان دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور پیشہ ورانہ عسکری تربیت، سیکیورٹی تعاون اور فوجی سطح پر روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان آرمی کے خطے میں امن، استحکام اور دوست ممالک کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور سیکیورٹی کے لیے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

لیبیا کے نائب کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس سے قبل جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد انہیں سلامی دی گئی۔

ملاقات کو پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button