
وزراء اور ارکانِ اسمبلی کی وزیراعظم کو عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی شذرہ منصب نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور مالی سال 2026-27 کے لیے عوامی امنگوں کے مطابق بجٹ پیش کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران شذرہ منصب نے کہا کہ حکومت کا بجٹ عوامی فلاح و بہبود، معاشی استحکام اور ترقیاتی ترجیحات کا عکاس ہے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال اور معاونِ خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔
دریں اثناء، قومی اسمبلی کے ارکان نوشین افتخار، میر پلین بلوچ، امیر طلال گوپانگ، اسما ارباب عالمگیر اور ایاز علی شاہ شیرازی نے بھی علیحدہ علیحدہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ملاقاتوں کے دوران ارکانِ اسمبلی نے وزیراعظم کو مالی سال 2026-27 کے لیے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار اور حالیہ کامیاب امن کوششوں کو بھی سراہا۔
مختلف ارکان نے اپنے اپنے حلقوں سے متعلق ترقیاتی اور عوامی مسائل وزیراعظم کے سامنے رکھے، جبکہ ان ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ارکانِ اسمبلی کی آراء اور تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی فلاح، معاشی ترقی اور ملک میں سیاسی و اقتصادی استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔















