بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان خطے میں امن کے ضامن اور ثالث کے طور پر پہچانا جا رہا ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کامیاب کوششوں کے باعث پاکستان کو خطے میں ایک امن ساز (Peace Maker) اور سکیورٹی فراہم کرنے والے ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں نے خطے کو ایک بڑے بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور اس عمل کے نتیجے میں لاکھوں قیمتی جانیں محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ایک دیانتدار، غیر جانبدار اور مخلص ثالث کا کردار ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات سمیت امن عمل کے مختلف مراحل میں پاکستان کے کردار کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس کامیاب سفارتی پیش رفت میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امن کے قیام کے لیے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) کے بعد اس کے مثبت معاشی اثرات بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عالمی سطح پر استحکام کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جو امن عمل کے ابتدائی معاشی فوائد میں شامل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا رہے گا۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button