بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

گورنر تبوک کی پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین، وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ

سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور پاکستان کی ان نمایاں سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) طے پائی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران گورنر تبوک نے وزیراعظم کو اس اہم سفارتی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر تبوک کے نیک جذبات اور مبارکباد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کوششوں کا مقصد خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کا فروغ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر برادر ممالک، بالخصوص سعودی عرب کی حمایت اور تعاون کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد و وزیراعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے خصوصی محبت اور تعاون پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button