بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا شام میں مثبت پیش رفت اور استحکام کی کوششوں کا خیرمقدم

پاکستان نے شام میں حالیہ مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کے استحکام اور عالمی برادری میں مؤثر انضمام کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے شام کی خودمختاری کے خلاف اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے شام میں فوجی دراندازی، من مانے اقدامات، گرفتاریوں اور عوام کی املاک و روزگار کو نقصان پہنچانے کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہیں۔

پاکستانی مندوب نے مقبوضہ شامی گولان میں اسرائیل کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ پانچ سالہ آبادکاری توسیعی منصوبے کو بھی مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

عاصم افتخار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ شام کے استحکام، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ناگزیر ہے اور عالمی برادری کو ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے جو خطے میں امن اور سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شام میں امن، استحکام اور تعمیر نو کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ سیاسی عمل اور سفارتی ذرائع ہی دیرپا امن کے حصول کا مؤثر راستہ ہیں۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button