
پاکستان اور ایران کا دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن کے فروغ کے عزم کا اعادہ
پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) پر دستخط ہونے پر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات خطے میں مستقل امن کے قیام پر منتج ہوں گے۔
صدر مملکت نے ایران کے امن، استحکام، قومی یکجہتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا رہا ہے اور علاقائی و عالمی چیلنجز کے پائیدار حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کرتا ہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں کو سراہتے ہوئے حالیہ مشکل حالات میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سیاسی، اقتصادی، سکیورٹی اور علاقائی امور میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی، باہمی و علاقائی رابطہ کاری، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔















