
پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب بالخصوص سعودی آرامکو کے ساتھ اپنی توانائی کی تزویراتی شراکت داری کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے پاکستان کو پیٹرولیم سپلائی میں خصوصی ترجیح دینے پر سعودی عرب کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیر نے کہا کہ حکومت ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں سعودی تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
سعودی سفیر نے امن اور علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
انہوں نے توانائی کے تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کے لیے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔















