بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان ایران اور امریکہ جنگ کے مستقل خاتمے کا خواہاں ہے، وزیرِاعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن کیلئے امریکہ، ایران جنگ کے مستقل خاتمے کا خواہشمند ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں چھٹی بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مزید انسانی جانوں کے ضیاع کے بغیر مذاکرات کے ذریعے خطے میں جلد پائیدار امن قائم ہوگا۔وزیراعظم نے پاکستان کے کردار کو تاریخی قراردیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پاکستان کی کوششوں کو ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کیلئے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کی تعریف کی۔شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے موجودہ علاقائی تناظر میں متوازن اور اصولی موقف اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے اپنے دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا بھی آغاز کیا ہے اور حرمین شریفین کا تحفظ، دفاع اور سلامتی ہمیں ہماری زندگیوں سے زیادہ عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین اور جموں و کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی موقف پر کاربند ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button