
پاکستان کا آبنائے ہرمز کی بندش پر تشویش کا اظہار
پاکستان نے آبنائے ہرمز کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ان خدشات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی کھلے مباحثے میں کیا۔سفیر نے کہا کہ اگر یہ بحران برقرار رہتا ہے تو ابتدائی نوعیت کے اثرات جیسے تیل و گیس اور ضروری اشیاء بالخصوص کھاد کی فراہمی اور ان کی قیمتوں کے رجحانات بتدریج دیگر اثرات میں تبدیل ہوں گے، جو مہنگائی، معاشی نمو، جاری کھاتوں اور ادائیگیوں کے توازن جیسے مسائل میں اضافہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان نے بشمول چین، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر سمیت برادر ملکوں کی حمایت سے، امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اوروسیع تر استحکام کے حصول کیلئے تعمیری سفارتی کوششوں کی قیادت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بحران کے پائیدار حل کی سہولت کاری کیلئے جاری کاوشوں میں پاکستان سفارتکاری اور مکالمے پر اپنے غیر متزلزل یقین پر قائم ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام ممکنہ اقدامات پر ثابت قدمی سے عمل جاری رکھے گا۔















