
ایران علاقائی کشیدگی میں کمی لانے کیلئے پاکستان کا کردار کا معترف
ایران نے حالیہ علاقائی کشیدگی میں کمی لانے کے لیے پاکستان کے کردار کو باضابطہ طور پر سراہتے ہوئے اسے اہم اور تاریخی قرار دیا ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے تہران میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کی بروقت سفارتی کوششوں نے ممکنہ بڑے علاقائی تنازع کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ملاقات تہران میں ہوئی، جہاں ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک نازک وقت میں جنگ بندی ممکن بنانا ایک “تاریخی” پیش رفت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن کے اصولوں پر مبنی ہے اور جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارتکاری ہی دیرپا حل فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پائیدار حل کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے سرحدی نظم و نسق اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔















