
علمائے کرام اورروحانی پیشواؤں کا سیاسی اور عسکری قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار
تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور مشائخ عظام نے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اس اعتماد کا اظہار لاہور میں پاکستان علماء کونسل اور متحدہ علماء بورڈ کے زیرِ اہتمام منعقدہ "استحکامِ پاکستان علما و مشائخ کنونشن” میں کیا گیا۔شرکاء نے متفقہ طور پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اوربری فوج کے سربراہ اورچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کی حمایت کی اور اسلامی ملکوں میں جاری تناؤ کے دوران امن کے فروغ اورکشیدگی کوبڑھنے سے روکنے کی اُن کی کوششوں کو سراہا۔متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں علماء نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ سول اور عسکری قیادت نے امتِ مسلمہ میں اتحاد کے فروغ ،مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن کے قیام کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔کنونشن میں ملک دشمن عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے اور ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی۔















