
وزارتِ اطلاعات کا طالبان حکومت کے الزامات مسترد، دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے طالبان حکومت کے نام نہاد وزارتِ دفاع کے ترجمان کی جانب سے پاکستان پر عارضی وقفے کی خلاف ورزی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کے فیکٹ چیکر کے مطابق پاکستان کی جانب سے مغربی سرحد پر عارضی وقفے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی اور اس حوالے سے کیے گئے تمام دعوے مکمل طور پر غلط ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کا پروپیگنڈا ممکنہ طور پر طالبان حکومت کے اندر موجود بعض عناصر کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کسی ممکنہ کارروائی یا دہشت گردی کے لیے جھوٹا جواز پیدا کرنا ہو سکتا ہے۔
پاکستان پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ افغان طالبان حکومت یا اس کے حمایت یافتہ عناصر کی جانب سے کسی بھی قسم کی دہشت گردی، سرحد پار حملہ یا ڈرون حملہ کیا گیا تو عارضی وقفہ فوری طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
بیان کے مطابق ایسی کسی بھی صورتحال میں آپریشن "غضبُ الٰحق” کو مزید شدت کے ساتھ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔















