
آپریشن غضبُ للحق کے تحت افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری
پاکستان فوج نے آپریشن غضبُ للحق کے تحت افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان فوج نے حالیہ کارروائی میں قندھار میں افغان طالبان کے بریگیڈ صدر دفتر دو سو پانچ کور کو کامیاب فضائی حملے میں تباہ کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران افغان طالبان کے اسلحہ کے ذخائر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فوج کی مؤثر اور بھرپور کارروائیوں کے باعث افغان طالبان کو بھاری جانی اور مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پاکستان فوج نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کے ذریعے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی اکتالیس چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائیاں چمن، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور نوشکی کے سرحدی علاقوں میں کی گئیں۔
ان کارروائیوں کے دوران افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضبُ للحق اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مقررہ اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں ہو جاتے۔
دریں اثنا پاکستان فوج نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ارندو کے علاقے میں افغان طالبان کے مسلح گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی بھی کی۔ اس بھرپور کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان ہتھیار چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے جبکہ ان کا مرکز بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔














