
صدرِ مملکت کا مادری زبانوں کے فروغ کے عزم کی تجدید پر زور
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں بولی جانے والی تمام مادری زبانوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے عزمِ نو کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بین الاقوامی یومِ مادری زبان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ لسانی تنوع ہماری قومی طاقت کا سرچشمہ اور ہمہ گیر قومی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ اور ثقافتی میل جول کا امین ہے، جہاں پنجابی، پشتو، سندھی، بلوچی، سرائیکی، براہوی، ہندکو، شینا، بلتی، بروشسکی، وخی اور ہزارگی سمیت متعدد زبانیں بولی جاتی ہیں، جو ہماری ثقافتی رنگا رنگی کی آئینہ دار ہیں۔
صدرِ مملکت نے تعلیم اور روزمرہ زندگی میں مادری زبانوں کی عملی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ زبان محض اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ اس امر کا تعین کرتی ہے کہ معاشرے اپنے ماضی کو کس طرح محفوظ رکھتے ہیں، سماجی زندگی کو کیسے منظم کرتے ہیں اور اپنے گرد و پیش کی دنیا کو کس انداز میں سمجھتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مادری زبانوں کے تحفظ، ترویج اور ارتقا کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔















