بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر اور وزیراعظم کا اسلام آباد میں خودکش حملے کے بعد دنیا بھر سے موصول ہونے والے پیغامات پر اظہارِ تشکر

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد دنیا بھر سے موصول ہونے والے ہمدردی اور حمایت پر مبنی پیغامات پر دلی تشکر کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ المناک حملے کے بعد عالمی رہنماؤں کی جانب سے تعزیت اور یکجہتی کے اظہار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی عالمی یکجہتی تشدد اور دہشت گردی کے خلاف ہمارے مشترکہ موقف کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ دوست ممالک اور عالمی شراکت داروں کی جانب سے حمایت پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں ہمیشہ کلیدی اہمیت کی حامل رہی ہے۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو پوری قوت کے ساتھ قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر پاکستانی قوم اس نازک گھڑی میں متحد ہے اور دہشت گردی کو شکست دینے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح پوری طرح قائم ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button