بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی پر پابندی کے بارے میں سیاسی جماعتوں اور اتحادیوں سے مشاورت کرینگے، اسحاق ڈار

مسلم لیگ ن کے رہنما اور  نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ ابھی حتمی نہیں،کل وزیرِ اطلاعات نے جو اعلان کیا اس پر سیاسی جماعتوں اور اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔ لاہور  میں  میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کوئی فیصلہ سیاسی نہیں ہوگا، فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نےکہا پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ لینے والی جماعت ہے، جسے یہودیوں اور عیسائیوں نے بھی فنڈز دیے ہیں، تمام ثبوت موجود ہیں کہ پی ٹی آئی فارن فنڈڈ جماعت ہے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانےکے لیے آئینی و قانونی پہلو مد نظر رکھے جائیں گے، ہمیں ملکی سلامتی اور استحکام کو مقدم رکھنا چاہیے، جو ملکی سلامتی کے خلاف ہو اسے قانون اور آئین کے تحت سزا ہونی چاہیے۔ نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن یا پی ڈی ایم کو حکومت لینےکا شوق نہیں تھا، اگر حکومت نہ لیتے تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا، ملک کو معاشی قوت بنانےکے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

اشتہار
Back to top button