بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے میں 7 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7  جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے آئی ای ڈی سے ٹکرانے پر دھماکا ہوا۔دھماکے کے نتیجے میں  پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے۔

دھماکے میں کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود  نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

کیپٹن محمد فراز الیاس شہید نے19 جون 2024 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونا تھاآئی ایس پی آر نے بتایاکہ کیپٹن محمد فراز الیاس شہید نے 2020 میں پاکستان آرمی کی ناردرن لائٹ انفنٹری میں کمیشن حاصل کیا۔

کیپٹن محمد فراز الیاس شہید نے19 جون 2024 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونا تھا، انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔صوبیدار میجر محمد نذیر شہید کا تعلق ضلع اسکردو سے ہے، انہوں نے 31 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، صوبیدار میجر محمد نذیر شہید نے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور 5 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

لانس نائیک حسین علی خان شہید کا تعلق ضلع غذر سے ہے، انہوں نے پاکستان آرمی میں 14 سال تک خدمات سرانجام دیں اور  سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔سپاہی منظور شہید کا تعلق ضلع گلگت سے ہے، شہید نے پاکستان آرمی میں 6 سال تک دفاع وطن کیلئے خدمات سرانجام دیں اور انہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور3 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

مزید پڑھیے  خیبر پولیس سٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید، دو دہشت گرد ہلاک

لانس نائیک محمد انور شہید کا تعلق ضلع گانچھے سے ہے، شہید نے پاکستان آرمی میں 13 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔سپاہی اسد اللہ شہید کا تعلق ملتان سے ہے، سپاہی اسد اللہ شہید نے پاکستان آرمی میں 14 سال تک ملکی دفاع کے فرائض سرانجام دیے، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔

سپاہی راشد محمود شہید کا تعلق راولپنڈی سے ہے، شہید نے پاکستان آرمی میں 13 سال تک دفاع وطن میں خدمات سرانجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

Back to top button