بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

امریکہ پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی ایک بڑی منزل ہے،اسے وسعت دینے کی ضرورت ہے ، مسعود خان

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4 ارب ڈالر تک بڑھ گئی ہیں۔ امریکہ پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی بڑی منزل ہے۔ان خیالات کا اظہار مسعود خان نے آئی ٹی انٹرپرینیورز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس نے پاکستانی سفارتخانہ میں ان سے ملاقات کی ۔ آئی ٹی انٹرپرینیورز کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے ٹیک سیکٹر خاص طور پر فنٹیک، ہیلتھ ٹیک، اور ٹرانسپورٹیشن اور رئیل اسٹیٹ سمیت دیگر ٹیکنالوجی سے منسلک شعبوں میں متاثر کن ترقی ہوئی ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ مالی سال 2022-23 میں امریکہ کے لئے پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات 1.4 بلین ڈالر تھیں۔ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، ای کامرس اور بہتر سپلائی چین پاکستان میں تبدیلی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیک سٹارٹ اپ خاص طور پر فن ٹیک، ریٹیل، فارمیسی، تشخیص، ٹیلی میڈیسن، تعلیم، گروسری اور ٹرانسپورٹیشن میں قابل قدر ترقی ہوئی ہے ۔سفیر پاکستان نے کم قیمت سافٹ ویئر پروڈکٹس تیار کرنے کے ارادے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کو نہ صرف امریکہ بلکہ وسطی ایشیا، مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے لیے بھی پیداواری مرکز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر وفد جس میں حرا خان ، عادل خان اور ندیم شیخ شامل تھے نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ سرٹیفائیڈ کلاڈ اپلائیڈ جنریٹیو اے آئی اقدام تیس ہزار افراد جن میں طلبا، انجینئرز اور دیگر پیشہ ور افراد شامل ہیں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تربیت یافتہ آئی ٹی افراد اور ماہرین کا ڈیٹا بیس بھی مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں پاکستانی-امریکی ٹیک انٹرپرینیورز بالخصوص سلیکون ویلی کے ساتھ منسلک کیا جا سکے۔

مزید پڑھیے  مری واقعہ، اموات کاربن مونو آکسائیڈ سے ہوئیں،ابتدائی رپورٹ پیش

وفد نے مزید کہا کہ اس سے قبل وہ مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے اقدام کے تحت آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بلاک چین، انٹرنیٹ آف تھنگز اور کلاڈ نیٹیو کمپیوٹنگ میں تعلیم، تحقیق اور کاروباری مواقع کو فروغ دینے کے لیے بلامعاوضہ خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔حرا خان نے بتایا کہ انہوں نے اب تک دس لاکھ سے زائد افراد کو تربیت دی ہے جن میں مختلف عمروں اور پس منظر کے لوگ شامل ہیں۔ وفد نے کراچی اور پاکستان کے دیگر حصوں میں ٹیک نیشنل انکیوبیشن سینٹر قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ وہ امریکہ کو برآمد کرنے کے لیے پاکستان میں کم قیمت سافٹ ویئر انجینئرنگ مصنوعات تیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے وکیل، جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل کے سربراہ اور ممبر پاکستان کونسل آن فارن ریلیشنز ندیم شیخ نے سفیر پاکستان کو جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل اور پاکستان کونسل آن فارن ریلیشنز کے کام کے بارے میں آگاہ کیا۔ندیم شیخ نے کہا کہ تنظیم نے کئی بے سہارا پاکستانیوں کی وطن واپسی میں مدد کی ہے جو غیر ملکی جیلوں میں قید تھے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل کرغزستان میں بھی پاکستانی طلبا کی مدد کر رہی ہے۔ جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل امریکہ میں زندگی کے مختلف شعبوں میں سرفہرست 10 پاکستانی نژاد امریکیوں کو “نشانِ انصاف” کے عنوان سے ایوارڈز دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے وفد پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں اور اس ضمن میں واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارت خا نے اور امریکہ میں پاکستان کے تمام قونصل خانوں کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

مزید پڑھیے  ایشیا کپ، سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے پاکستان کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی

Back to top button