بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آج پہلے ون ڈے میں مدمقابل

 پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں آج ( جمعرات) ڈربی میں پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل ہونگی۔ تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 26 مئی کو ٹاؤنٹن اور تیسرا میچ 29 مئی کو چیمسفرڈ میں کھیلا جائے گا۔

یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کا حصہ ہے اور یہ پاکستان کی آٹھویں اور آخری سیریز ہے۔ پاکستان اس وقت دس ٹیموں پر مشتمل ویمنز چیمپئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ اس چیمپئن شپ کی ٹاپ پانچ ٹیمیں، میزبان بھارت کے ساتھ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔

اس سے قبل اس دورے میں دونوں ٹیموں نے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سیریز کھیلی تھی جو میزبان ٹیم نے تین صفرسے جیتی تھی۔
پاکستان ٹیم کی اوپنر سدرہ امین کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ہمارے حق میں نہ ہونے کے باوجود ہم انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پوری طرح فوکس اور بے تاب ہیں۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے اور ون ڈے سیریز میں اپنے پلان کو اچھی طرح سے عملی جامہ پہنانے پر مرکوز ہیں۔ ٹیم اسپرٹ بلند ہے اور ہم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز کو مثبت انداز میں ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستان اسکواڈ:
ندا ڈار (کپتان ) عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا ۔ گل فیروزہ ، منیبہ علی (وکٹ کیپر ) نجیہہ علوی (وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبٰی حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔

مزید پڑھیے  عبدالقادر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا

انگلینڈ سکواڈ: ہیدر نائٹ (کپتان )، ایلس کیپسی، ایمی جونز، چارلی ڈین، ڈینیئل وائٹ، کیٹ کراس، لارین بیل، لارین فائلر، مایا باؤچیئر، نیٹ سیور برنٹ، سارہ گلین، سوفی ایکلسٹن اور ٹیمی بیماؤنٹ

ون ڈے سیریز کا شیڈول:
23 مئی – پہلا ون ڈے، ڈربی (مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ) ۔
26 مئی – دوسرا ون ڈے، ٹاؤنٹن (مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے)
29 مئی – تیسرا ون ڈے، چیمسفرڈ ( مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے)۔

Back to top button