بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

عامر کا بھی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان

پی سی بی انتظامیہ کے مبینہ ناروا سلوک کو بنیاد بنا کر 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے 4سال بعد اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ واپس لے کر ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لیے دستیابی ظاہر کردی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں عامر نے کہا کہ میں اب بھی پاکستان کے لیے کھیلنے کا خواب دیکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ زندگی ہمیں ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں کبھی کبھار ہمیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اور پی سی بی کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے جہاں انہوں نے احترام کے ساتھ مجھے یہ احساس دلانے کی کوشش کی انہیں میری ضرورت ہے اور میں پاکستان کے لیے مزید کھیل سکتا ہوں۔محمد عامر نے کہا کہ اپنے خاندان اور خیر خواہوں سے مشاورت کے بعد میں آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہ اپنے ملک کے لیے کرنا چاہتا ہوں کیونکہ ملک میرے ذاتی فیصلوں سے بالاتر ہے، سبز جرسی پہننا اور اپنے ملک کی خدمت کرنا ہمیشہ سے میری سب سے بڑی خواہش رہی ہے، اور رہے گی۔واضح رہے کہ عامر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب ایک دن قبل آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی پی سی بی کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کردیا تھا۔

محمد عامر نے یکم اگست 2019 کو کھیل کے سب سے بڑے اور طویل فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔تاہم ٹیسٹ کرکٹ سے کناری کشی کو ابھی ایک ماہ کا عرصہ بھی نہ گزرا تھا کہ عامر نے احتجاجاً انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

مزید پڑھیے  ورلڈ کپ، آج بھارت اور آسڑیلیا کا بڑا ٹکرائو
Back to top button