بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا  اقوام متحدہ میں فلسطین کی صورتحال پر بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ

فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی بحالی ناگزیر ہے منیر اکرم کا جنرل اسمبلی میں خطاب

پاکستان نے اسلامی ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے فلسطین کی صورتحال پر بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے جس کا مقصد دو ریاستی حل کے دائرہ کار میں فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی بحالی سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم  نے غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کے مطالبے پر مبنی سلامتی کونسل کی 20 فروری کی قرارداد پر امریکی ویٹو کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے امریکا کی جانب سے قرارداد کو ویٹو کرنے پر افسوس اور غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خاتمے میں عالمی برادری کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا، جس میں تیس ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

منیر اکرم نے اقوام متحدہ میں او آئی سی گروپ کے قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے 193 رکنی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران غزہ اور فلسطین کے دیگر مقامات پر اسرائیلی جارحیت کے بعد سے پوری دنیا بڑھتی ہوئی مایوسی اور غصے کے ساتھ، غزہ میں فلسطینی عوام پر مسلط کردہ تاریخی اور نہ ختم ہونے والے مصائب کو دیکھ رہی ہے۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اور گھروں، سکولوں، ہسپتالوں اور مذہبی مقامات تباہ ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیے  پنجاب حکومت کا وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزرا کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

انہوں نے غزہ میں ناکافی خوراک کی فراہمی اور ضروری خدمات کی وجہ سے غزہ میں بڑے پیمانے پر غذائی قلت کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے کو ختم کرنے اور عطیہ دہندگان کی جانب سے ادارے کی فنڈنگ کو روکنے کے اسرائیلی مطالبے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے اندر مختلف عناصر کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری کے اراکین کی طرف سے پیشگی کوششوں کے باوجود آگے بھی بڑے خطرات کے اشارے موجود ہیں۔ اس سلسلے میں، انہوں نے کہا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر فاقہ کشی کا خطرہ ہے، جس کی وجہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں فلسطینیوں کی بہت زیادہ تعداد کے لیے خوراک کی ناکافی فراہمی اور ضروری خدمات ہیں۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ دنیا کو فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور عرب امن اقدام کے مطابق 1967 کی سرحدوں پر مشتمل ان کی سرزمین پر اپنی آزاد اور خود مختار ریاست قائم کرنے کی حمایت کرنی چاہیے، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

Back to top button