بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نو منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

پاکستان کی 16 ویں قومی اسمبلی معرض وجود میں آ گئی، نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔16 ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا،  اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر نعت رسول مقبولﷺ پیش کی گئی۔

سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، جس پر سپیکر نے انہیں متنبہ کیا کہ پہلے حلف لیں گے، پھر بات ہوگی۔سپیکر راجا پرویز اشرف نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، تاہم اس دوران ایوان میں شدید شور شرابا رہا، جس پر سپیکر اسمبلی نے اظہارِ برہمی کیا۔

حلف لینے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ رکن اسمبلی بننے کیلئے پہلے دستخط کر لیں، پھر بات کریں گے۔حلف لینے والوں میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، خورشید شاہ، سردار ایاز صادق اور دیگر نو منتخب اراکین شامل ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب، بیرسٹرگوہر،علی محمد خان نے بھی حلف اٹھا لیا، استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان کو دستخط کرنے کیلئے بلایا گیا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے۔تقریب حلف برداری کے بعد اراکین نے دستخط کر کے حاضری لگائی، قومی اسمبلی کے 336 میں سے 282 ممبران نے حلف اٹھایا۔

مزید پڑھیے  وزارت داخلہ کی درخواست مسترد، ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہی ہونگے
Back to top button