بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اڈیالہ جیل میں عمران خان سمیت معروف سیاسی شخصیات نے ووٹ کاسٹ کردیا

اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر معروف سیاسی شخصیات نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کردیا۔رپورٹ کے مطابق سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت دیگر معروف سیاسی ناموں نے جیل میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔

تاہم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ووٹنگ میں حصہ نہیں لے سکیں کیونکہ ان کی سزا اور گرفتاری پوسٹل ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہوئی تھی۔مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اڈیالہ جیل میں 100 سے کچھ زیادہ قیدیوں نے ووٹ ڈالا جوکہ جیل میں موجود 7 ہزار قیدیوں کا صرف ایک فیصد ہے۔

حکام نے بتایا کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پوسٹل بیلٹ جنوری کے وسط میں موصول ہوئے تھے جنہیں قیدیوں کو مہیا کیا گیا۔ پوسٹل بیلٹ جمع کروانے کی آخری تاریخ 22 جنوری تھی۔جیل ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنا چاہتی تھیں لیکن پوسٹل بیلٹ کا عمل مکمل ہونے کی وجہ سے ان کی درخواست پر عمل در آمد نہ ہوسکا۔بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی نے تصدیق کی کہ سابق وزیراعطم کی اہلیہ کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت دینے سے انکار کردیا گیا۔

مزید پڑھیے  تلخیاں ختم کر کے بہتر الیکشن کے معاملات کی طرف جانا چاہیے، شیخ رشید
Back to top button