بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مجھ سے کیا دشمنی تھی جو ہتھکڑیاں لگائیں ، نوازشریف

 مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ میں کوئی امپورٹڈ وزیراعظم نہیں تھا، مجھ سے کیا دشمنی تھی جو ہتھکڑیاں لگائیں۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف نے ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تو ننکانہ صاحب عجیب منظر پیش کررہا ہے، پوچھتا ہوں کبھی پہلے ایسا منظر دیکھا تھا؟ اگر دیکھا تھا تو بتاؤ، نہیں دیکھا تو زور سے کہو کبھی نہیں دیکھا، آج اتفاق سے ٹھنڈ بھی بہت ہے، آپ کے جذبے کو داد دیتا ہوں۔نوازشریف نے مزید کہا کہ آج میں پہلی بار لاہور سے ننکانہ صاحب موٹروے پر آیا ہوں، یہ موٹروے ہم نے 2017ء میں تیار کردی تھی، یہ موٹروے ملتان اور آگے سکھر جارہی ہے، ہمارے دور میں موٹروے ملتان سے سکھر اور کراچی پہنچ چکی ہوتی، ترقی کے دشمنوں نے یہ موقع نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی ہمت نہیں ٹوٹی آج بھی جوان ہے، مجھے بتائیں آپکو نوازشریف کے ساتھ دشمنی کیا تھی؟ آپکو یہ دشمنی تھی کہ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ ختم کی؟ اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کس نے ختم کی؟نوازشریف نے مزید کہا کہ اس زمانے میں سستی بجلی تھی، کراچی کا امن کس نے بحال کیا؟ روٹی 4 روپے کی کس کے دور میں تھی؟ چینی 50 روپے کلو کس کے زمانے میں تھی؟ نوجوانوں کو روزگار کس کے زمانے میں مل رہا تھا، پشاور، مانسہرہ، کراچی کی موٹروے کس نے بنائی؟مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ نتیجہ یہ نکلا کہ نوازشریف کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگادی گئیں، جیل میں ڈال دیا گیا، جو ملک کو ایٹمی طاقت بناتا ہے کیا اس کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائی جاتی ہیں؟

مزید پڑھیے  ملک بھر میں یومِ پاکستان کل بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جائیگا

انہوں نے کہا کہ مجھے بتائیں سب کیوں اور کیسے ہوا؟ پاکستان کے لوگوں کو تکلیف میں کیوں ڈال دیا گیا؟ آپکو دیکھ کر جتنی تکلیف مجھے ہوتی ہے بیان نہیں کرسکتا، میرے دل کو سکون اس وقت ملے گا جب آپکو مہنگائی سے نجات ملے گی، آپکو روزگار اچھی نوکریاں ملیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا ہے کہ میں کوئی امپورٹڈ وزیراعظم نہیں تھا، مقامی وزیراعظم تھا اور وہ ناکامی وزیراعظم تھا، ننکانہ صاحب کو ماڈل سٹی بنائیں گے، میں وہ وزیراعظم نہیں جو وعدہ کرکے بھول جائے اور یوٹرن پر یوٹرن لے۔

نوازشریف نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں گوادر ایئرپورٹ، بندرگاہ، کراچی میں امن، ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا، گرین، ریڈ اورنج لائن بسیں اور ٹرینیں چلانے کے جرم میں ہمارے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہنادی گئیں، مجھ سے کیا دشمنی تھی؟ یہی دشمنی تھی کام کرنا۔نوازشریف نے ننکانہ صاحب کے عوام کو ہسپتال، تعلیم اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانیاں کرائیں اور کہا کہ یہاں ہسپتال اور سڑکیں بنائیں گے، یہاں گرلز اینڈ بوائز کے لئے ڈگری کالج بنائیں گے اور سید والا کو ماڈل سٹی کا درجہ دیا جائے گا۔قائد مسلم لیگ ن کہا کہ بچوں کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم بناکر دیں گے، اس شہر کو ماڈل سٹی بناکر چھوڑیں گے۔

Back to top button