بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر، نگران وزیراعظم کا انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

دنیا کے دوسرے حصوں کی طرح آج پاکستان میں بھی انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔اس سال دن کا موضوع ہے ”سب کے لئے آزادی، مساوات اور انصاف۔”عالمی دن کا مقصد انسانی حقوق کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر شعور اجاگرکرنا اور ان کی پاسداری کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔یہ دن ہر سال 10دسمبر انیس سو اڑتالیس کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے انسانی حقوق کے بین الاقوامی منشور کی منظوری اور اعلان کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

صدرڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے آئین، انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ اور دوسرے متعلقہ عالمی قوانین میں دیئے گئے تمام شہریوں کے حقوق کی پاسداری کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا پاکستان کا آئین شہریوں کے بنیادی حقوق کا ضامن ہے اور حکومت نے ان حقوق کے تحفظ کے لئے کئی قانونی، سماجی اور معاشی اقدامات کئے ہیں۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا پاکستان نے تمام اقلیتوں کیلئے سازگار ماحول اور مساوی مواقع فراہم کئے ہیں جنہیں برابر سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق حاصل ہیں۔صدر نے کہا یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ فلسطینی عوام کو ان حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور انہیں اسرائیل کی طرف سے بدترین ریاستی دہشت گردی اور نسل کشی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کی جوابدہی کرنے اور فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے میں ناکام ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر میں بھی انسانی حقوق کی صورتحال بین الاقوامی توجہ کی متقاضی ہے تاکہ بھارت کا محاسبہ کیا جا سکے جس نے مقبوضہ علاقے میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیے  عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرے،وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت داخلی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کی کوششیں جاری رکھے گی۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے تمام شہریوں کے حقوق اور آزادیوں کی حفاظت اور احترام کے لئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی تمام اقدار اور معاہدوں کی صریحاً خلاف ورزی کر رہا ہے۔انہوں نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے کے پاکستان کے مطالبے کو دہراتے ہوئے بھارت کے غاصبانہ قبضے اور ظلم کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال بھی ہماری فوری توجہ کی متقاضی ہے جہاں غزہ میں اسرائیل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر بے دریغ اور بلاامتیاز حملے ہر طرح کے انسانی حقوق کے تمام معیارات اور بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

Back to top button